لکھنؤ یکم جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش میں مانسون تقریبا مکمل طور متحرک ہو گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں متعدد مقامات پر بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے مشرقی حصوں میں کچھ جگہوں جبکہ مغربی حصوں میں متعدد مقامات پر بارش ہوئی۔ بلرام پور اور اگلاس میں سب سے زیادہ نو سینٹی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ بہرائچ میں سات، مہراج گنج میں پانچ، ککہری، بانسی اور گورکھپور میں چار چار اور فتح گڑھ، رگولی، سدھولی، خلیل آباد، قیصر گنج، اٹاوہ اور مظفر نگر میں دو دو سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ بارش کی وجہ سے ریاست کے زیادہ تر مقامات پر درجہ حرارت میں کمی آئی ہے ۔ اگرچہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گورکھپور، فیض آباد، وارانسی اور الہ آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا۔ اس دوران الہ آباد ریاست کا سب سے گرم جگہ رہا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے مشرقی حصوں میں زیادہ تر مقامات پر جبکہ مغربی حصوں کے کئی علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔کچھ جگہوں پر بھاری بارش کی بھی پیشن گوئی ہے ۔